ہوناور :6/اگست (ایس او نیوز)شراوتی ندی کے کنارے ادیم نگر کے پاس پانی میں غرق ہوکر ہلاک ہونے والے اجنبی شخص کی لاش دستیاب ہوئی ہے۔ لاش کی حالت دیکھنے سے انداز ہ ہوتا ہے کہ اس شخص کی موت دو تین روز قبل ہوئی ہے۔ہوناور پولیس نے لاش کو تحویل میں لینے کے بعد جو تفصیلات بتائی ہیں اس کے مطابق ہلاک ہونے والے شخص کے بدن پر پتلون اور شرٹ ہے۔ عمر 50 سے 55سال کے درمیان ہوسکتی ہے۔ لمبوترا چہرہ ہے۔ سانولا رنگ اورقد5فٹ 7انچ ہے۔گلے میں دھاگہ اور لاکٹ والی مالا ہے جو کہ غیر مسلم پہنا کرتے ہیں۔ اس کے لباس کو دیکھ کرگمان کیا جاتا ہے کہ یہ شخص شاید قلی مزدوری کیا کرتا تھا۔
چونکہ لاش دو تین دن سے پانی میں تھی، جس کی وجہ سے لاش کا چہرہ کافی خراب ہوچکا ہے۔
پولیس ابھی قطعی طور پریہ کہنے کی پوزیشن میں نہیں ہے کہ یہ شخص حادثاتی طور پر ندی میں گرنے اور ڈوبنے سے ہلاک ہوا ہے یا پھرکسی نے اسے دھکا دے کر ندی میں گرایا ہے۔ پوسٹ ماٹم رپورٹ اور دیگر شواہد کے ملنے پرہی یہ معاملہ صاف ہوجائے گا۔ اگر کسی لاپتہ شخص کے بارے میں کوئی معلومات ہوتوہوناور پولیس اسٹیشن سے رابطہ قائم کیاجاسکتا ہے۔